بنگلورو۔15جون(ایس او نیوز) 30 جون کو سبکدوش ہورہے ریاست کے چیف سکریٹری اروند جادھو کی میعاد میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے یو پی ایس سی کو سفارش کی ہے۔ 30جون کو ریٹائرڈ ہونے کے سبب اروند جادھو سبکدوش ہونے والے ہیں۔ ایسے میں مزید تین ماہ کی توسیع دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ جس کے سبب چیف سکریٹری کا عہدہ حاصل کرنے کی دوڑ میں موجود اڈیشنل چیف سکریٹری کے رتنا پربھا کو دشواریوں کا سامنا کرناپڑ سکتاہے، اور مسلسل دوسری مرتبہ بھی انہیں اس عہدہ سے محروم ہونا پڑ رہا ہے۔ سابقہ چیف سکریٹری کی میعاد میں بھی حکومت نے اسی طرح کی توسیع کی تھی، وزیراعلیٰ کے اس فیصلے پر دلت تنظیموں نے شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ دلت طبقے سے تعلق رکھنے والی رتنا پربھاکو عہدہ سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ کانگریس کے دلت قائدین وزیراعلیٰ پر دباو ڈال رہے ہیں کہ رتنا پربھا کو فوری طور پر چیف سکریٹری بنایا جائے۔